سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم
تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے پیر زکوڑی پل کے قریب چارسدہ کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کیمپ لگایا تھا۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں پر کلیکشن کے عمل کا جائزہ لیا اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے لگائے جانیوالے کیمپ اور امدادی سامان کے کلیکشن کے اقدامات کو سراہا۔ بعد ازاں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے موٹروے اور چارسدہ روڈ پر عارضی طور پر کیمپوں میں رہائش اختیار کرنیوالے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جس میں دودھ، گھی، چینی، آٹا، چاول اور لنچ بکس شامل تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑی ہے اور ریسکیو سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال اور کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے مختلف مقامات ناگمان اور سردریاب کے مقام پر ٹریفک کے نظام کو ڈائیورٹ کردیا ہے تاکہ شہری متبادل روٹس استعمال کر کے منزل مقصود تک پہنچ سکے کیونکہ چارسدہ روڈ پر پشاور‘ چارسدہ اور شبقدر کو ملانے والی راستوں میں پل بند کردیئے گئے ہیں تاکہ کسی قسم کا حادثہ رونما نہ ہو۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جو شہریوں کی سہولت کیلئے انہیں متبادل راستوں بارے آگاہی دے رہی ہے تاکہ وہ چارسدہ اور شبقدر کی طرف سفر کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چارسدہ جانیوالے افراد موٹروے اور ناردرن بائی پاس کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ایف ایم ریڈیو پر بھی شہریوں کو متبادل راستوں بارے آگاہی دی جا رہی ہے۔
0 Comments