انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے محرم الحرام کے موقع پر پشاور میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج کوہاٹی گیٹ میں قائم پولیس کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا۔ جہاں وہ کمانڈ پوسٹ کے مختلف حصوں میں گئے اور کمانڈ پوسٹ میں محرم کے حوالے سے اُٹھائے گئے پولیس اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پولیس کمانڈ پوسٹ کے دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز ، کمشنر پشاورڈویژن امجد علی خان، سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلی حکام ان کے ہمراہ تھے۔
ایس ایس پی آپریشن پشاور منصور امان نے محرم کی سکیورٹی کے حوالے سے آئی جی پی کو نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے آئی جی پی کو بتایا کہ کمانڈ پوسٹ میں صدر اور شہر سے نکالے جانے والے ماتمی جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے.
اس موقع پر بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور پولیس عوام کی وابستہ توقعات پر پورا اُترتے ہوئے پرامن عاشورہ محرم کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح الرٹ اور تیار ہے۔ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور پولیس کے مابین ہم آہنگی اور موثر رابطہ قائم ہے۔ صوبے میں دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ پولیس محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لیے فرقہ ورانہ ہم آہنگی، مذہبی بھائی چارے کے قیام اور شرپسندوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھائیں۔
آئی جی پی نے جدید طرز پراُٹھائے گئے پولیس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ آئی جی پی کمانڈ پوسٹ میں ڈیوٹی انجام دینے والے دیگر اداروں کے عہدےداروں سے بھی ملے اور محرم کی سکیورٹی کے حوالے سے اُن کی کاوشوں کی تعریف کی۔
0 Comments