انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے صوبے بھر میں چہلم امام حسینؓ کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا

 انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے صوبے بھر میں چہلم امام حسینؓ کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا ۔

آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کی جس میں ا ن سے چہلم امام حسینؓ کو پرامن طور پر منانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ریجنل پولیس افسر وں نے باری باری اپنے ریجنوں میں چہلم کے پُر امن انعقاد کے لئے کئے گئے انتظامات اور جلوس و مجالس کے بارے میں آئی جی پی کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس افسروں نے چہلم کو پُر امن طور پر منانے کے سلسلے میں درپیش مالی مشکلات، نفری کی کمی اور دیگر حائل مسائل کے بارے میں بھی آئی جی پی کو آگاہ کیا ۔ آئی جی پی کو بتایا گیا کہ بعض اضلاع میں یہ جلوس پرامن طور پر نکالے جا چکے ہیں، جبکہ کچھ اضلاع میں جلوس و مجالس کے انعقاد کا سلسلہ پروگرام کے مطابق جاری ہے۔
آئی جی پی نے بریفنگ کی روشنی میں کانفرنس میں موجود ڈی آئی جی آپریشنز کو ریجنل پولیس افسروں کی چہلم کے حوالے سے تمام ضروریات بروقت ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پی نے اعلی پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں چہلم کے جلوس و مجالس کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں اور ہدایت کی کہ تمام سکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر چہلم کا پُر امن انعقاد کیا جائے۔ کانفرنس میں اُمید ظاہر کی گئی کہ محرم کی طرح چہلم کے تمام جلوس و مجالس بھی انشاءاللہ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہونگے۔


Post a Comment

0 Comments